گونڈا،13؍اکتوبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش میں دلتوں پر مظالم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ ابھی ہاتھرس متاثرہ کو انصاف مل بھی نہیں پایا ہے اور ریاست کے گونڈا ضلع میں نابالغ دلت لڑکیوں کے ساتھ دل دہلا دینے واقعہ سامنے آیا ہے۔ گونڈا میں تین دلت بہنوں پر ایسڈ اٹیک ہوا ہے جس میں تینوں بہنیں جھلس گئی ہیں۔ میڈیا ذرائع سے حاصل خبروں کے مطابق تینوں بہنوں کو ضلع اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
موصول ہو رہی خبروں میں بتایا گیا ہے کہ واقعہ پیر کی شب کا ہے جب تینوں بہنیں گھر میں سو رہی تھیں۔ اسی دوران کچھ نامعلوم بدمعاشوں نے ان کے اوپر ایسڈ پھینک دیا۔ واقعہ کے بعد ایک ہنگامہ برپا ہو گیا اور آس پاس کے لوگ جمع ہو گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ دو بہنیں معمولی طور پر جھلسی ہیں جب کہ ایک بہن کے چہرے پر کافی مقدار میں ایسڈ پڑا ہے۔ تینوں بہنوں پر تیزاب کس نے پھینکا، یہ ابھی تک معلوم نہیں چل سکا ہے۔ یہ بھی نہیں پتہ چل پایا ہے کہ آخر ان بہنوں کو نشانہ کیوں بنایا گیا۔ پولس معاملے کی تفتیش کر رہی ہے۔